طلبہ کے لئے نئےبر طانوی امیگریشن قوانین پر عملدرآمد31 مارچ 2009 سے ہوگا
برطانیہ کےپوائنٹس پر مبنی نئے امیگریشن نظام کے تحت طلبہ کے لئے قوانین پر عملدرآمد کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
31مارچ 2009 سے بر طانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ نئے پوائنٹس نظام کے تحت ویزا کی درخواست دیں گے جس سے طلبہ ویزا کی درخواست پر عمل درآمد آسان تر ہو جائے گا۔
نئے شفاف نظام میں طلبہ کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ انہیں ایک ایسے تعلیمی ادارے میں کسی کورس کے لئے داخلہ مل گیا ہے جو یوکے بارڈر ایجنسی [یوکے بی اے] کا لائسنس یافتہ ہے، اپنے مالی وسائل کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا اور ویزا کی درخواست کےمقامی مرکز کو اپنی بایو میٹرک تفصیلات دینا ہونگی۔
ویزا مل جانے کی صورت میں غیر ملکی طلبہ کو تعلیمی ٹرم کے دوران ہفتے میں 20 گھنٹے جز وقتی اور چھٹیوں کے دوران کل وقتی کام کرنے اور کورس سے متعلق ورک پلیسمنٹ کی اجازت ہوگی۔
یوکے بی اے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ"ہر سال کئی ہزار غیر ملکی طلبہ
بر طانیہ میں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ویزا کی درخواست کے طریقہ کار میں ان تبدیلیوں سے طلبہ ویزا کی درخواست دینے سے پہلے خود یہ دیکھ سکیں گے کہ وہ ویزا کی اہلیت رکھتے ہیں یا نہیں، اس سے پورا طریقہ کار بہت سیدھا سادا ہوگیا ہے۔ہم ان تمام طلبہ پر جو بر طانیہ میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں زور دیں گے کہ وہ یو کے بی اے کی ویب سائٹ پر جاکر نئے ضوابط پڑھیں تاکہ جب وہ ویزا کے لئے درخواست دیں تو اس پر عملدرآمد تیزی سے ہو سکے"۔
وہ تمام انڈپینڈنٹ اور فیس لینے والے اسکول،کالج اور یونی ورسٹیاں جو غیر ملکی طلبہ کو داخلے دیتی ہیں، انہیں پہلی بار لائسنس حاصل کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔اس سے بر طانوی حکومت کو جعلی کالجوں کے خلاف کارروائی کا موقع ملے گا جو کہ غیر ملکی طلبہ کے لئے خوش آئند خبر ہے کیونکہ اب انہیں یہ یقین ہوگا کہ جس لسانی تعلیم کے اسکول، کالج یا یونی ورسٹی میں وہ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ ایک منظور شدہ تعلیمی ادارہ ہے ۔اب تک ایک ہزار سے زیادہ بر طانوی تعلیمی اداروں نے غیر ملکی طلبہ کو داخلہ دینے کے لئے لائسنس کی درخواست دی ہے۔
طلبہ کے لئے یوکے ویزا
عام اسٹوڈنٹ ویزا یا بچوں کے لئے تعلیمی ویزا سطح 4 کے تحت ایک سادا طریقہ کار ہے اور اس کی درخواست اسی ملک میں دی جائے گی جہاں کی وہ قومیت رکھتے ہیں یا قانونی طور سے مقیم ہیں۔ویزا کی درخواست ڈاک کے ذریعے، ذاتی طور پر یا آن لائن دی جا سکتی ہے۔ اپنی درخواست کی کامیابی کے لئے آپ کو مندرجہ ذیل کاغذات فراہم کرنا ہو نگے:
· تازہ ترین پاسپورٹ یا سفری کاغذات
· اس تعلیمی ادارے کی طرف سے ویزا خط جہاں آپ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں
· مالی وسائل کا ثبوت
· اس تعلیمی قابلیت کا ثبوت جس کی بنیاد پر بر طانوی تعلیمی ادارے نے آپ کو داخلہ دیا ہے
· آپ کی درخواست سے متعلق کوئی اور معاون کاغذات۔
آپ کو بایو میٹرک تفصیلات فراہم کرنے کے لئے اپنے قریب ترین ویزا سینٹر سے وقت طے کرنا ہوگا ۔ ان تفصیلات میں 10 انگلیوں کے نشانات اور ایک ڈیجیٹل تصویر شامل ہے۔
کسی جعلی دستاویز، غلط بیانی یا متعلقہ معلومات نہ ظاہر کرنے کی بنیاد پر یوکے بارڈر ایجنسی آپ کی درخواست مسترد کردے گی اور آپ کا بر طانیہ میں داخلہ 10 سال کے لئے ممنوع قرار دیا جاسکتا ہے۔
جو طلبہ بر طانیہ میں چھ ماہ یا اس سے کم عرصے کے لئے تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہوں اور اپنے قیام کے دورام کام کرنے کے خواہشمند نہ ہوں وہ اسٹوڈنٹ وزیٹر ویزا پر بر طانیہ آسکتے ہیں۔