بر طانیہ فوری جنگ بندی اور تمام تشدد کے فوری خاتمے کی حمایت کرتا ہے (28/12/2008)
فارن سکریٹری ڈیوڈ ملی بینڈ نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے
" وزیر اعظم اور میں غزہ کے واقعات کا گہری تشویش کے ساتھ جائزہ لے رہے ہیں ۔19 دسمبر کے بعد اسرائیل پر راکٹ حملوں میں اضافے اور کل بے شمار جانوں کا ضیاع موجودہ حالات کو ایک خطرناک رنگ دے رہا ہے جو تمام بین الا قوامی کمیونٹی کے لئے تشویش کا باعث ہونا چاہئیے۔
بر طانیہ فوری جنگ بندی اور تمام تشدد کے فوری خاتمے کی حمایت کرتا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری متفقہ اخباری بیان اور یورپی یونین کا کل کا بیان اس موقف کی قوی دلیل ہے۔بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال بہت تکلیف دہ ہے ۔ وزیر اعظم گورڈن براؤن نے اسرائیلی وزیر اعظم ایہود آلمرت سے بات کی ہے ۔ جیسا کہ ہم نے کل واضح کر دیا تھا اسرائیل کو اپنی انسانی ذمے داریوں کی پابندی کرنا ہوگی۔بر طانیہ غزہ کی پٹی میں خوراک، ایندھن اور دواؤں کی فوری اور کافی فراہمی پر زور دیتا ہے۔
میں نے اس بڑھتے ہوئے بحران پر خطے میں اور اس سے ماورا اپنے ہم منصبوں سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ ہم میں اس امر پرواضح اتفاق ہے اور ہم اس کی حمایت کرتے ہیں کہ ان سیاسی رہنماؤں کی سیاسی مساعی کو ہر ممکن تحفظ دیا جائے جو پر امن مذاکرات کے پابند ہیں۔ میں نے مصری وزیر خارجہ احمد ابوالغیث سے ان کے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کے منصوبے پر بات چیت کی ہے۔عرب رہنماؤں کے لئے اس پہلو کو واضح کرنے کایہ ایک اہم موقع ہے کہ فلسطینی عوام کے مفادات کا تحفظ ایک قابل عمل فلسطینی ریاست کے ذریعے ہی ممکن ہے جس کے پڑوس میں ایک محفوظ اسرائیل موجود رہے۔ہمیں 2009 میں اس کے حصول کے لئے اپنی اجتماعی کوششوں کی تجدید کرنا ہوگی"۔